اگلے چھ ماہ پاکستان کی جمہوری اور سیاسی تاریخ میں فیصلہ کن نظرآتے ہیں۔ مارچ میں سینیٹ کا الیکشن مکمل ہوجائے گا۔ غالب امکان ہے کہ سینیٹ میں حکمران پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادیوں کو عددی برتری حاصل ہوجائے گی۔ یاد رہے کہ اس مرتبہ مارچ میں 52 سینیٹرز ریٹائرڈ ہوجائیں گے جن میں کئی ایک نامی گرامی شخصیات بھی شامل ہیں۔جن میں جماعت اسلامی کے امیر جناب سراج الحق، پی پی پی کی شیری رحمان، سلیم مانڈی والا، فاروق نائیک، رحمان ملک اور نون لیگ کے راجہ محمد ظفرالحق، پرویز رشید اور مشاہداللہ خان بھی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے سات سینیٹر ز ریٹائرڈ ہوں گے جن کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے۔پی پی پی کے بھی سات سینیٹرز ریٹائرڈ ہوں گے جن کا تعلق سندھ سے ہے۔سب سے زیادہ نون لیگ کے سینیٹرز ریٹائرڈ ہوں گے جن کی تعداد پندرہ ہے۔ جن میں سے تیرہ کا تعلق پنجاب سے ہے۔ اس منظر نامہ سب سے زیادہ نقصان نون لیگ کا ہوتا نظر آتاہے کیونکہ پنجاب میں گزشتہ الیکشن میں نون لیگ کو نہ صرف اکثریت حاصل تھی بلکہ بھاری اکثریت حاصل تھی۔
بلوچستان اور خیبر پختون خوا سے اس کے لیے اس مرتبہ سینیٹ کی کوئی نشست حاصل کرنا مشکل ہوگا۔یوں پی ٹی آئی اور اس کے حلیفوں کو سینیٹ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں کوئی قابل ذکر مشکل پیش نہیں آئے گی۔ اس سیاسی ہنگامہ کے پہلو بہ پہلو متعدد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونے والے ہیں۔ سندھ میں ہونے والے ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر پی پی پی نے میدان مارا لیاہے۔
نون لیگ کے احسن اقبال کہتے ہیں کہ اگر ہم ضمنی الیکشن میں کامیاب ہوگئے تو پھر لانگ مارچ کی ضرورت نہیں۔ غالباً وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح وہ عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے قابل ہوجائیں گے ۔پی پی پی کی لیڈر شپ کی تجویز ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کا آغاز پنجاب اسمبلی سے کیا جائے ۔دل کے بہلانے کو غالب یہ خیال اچھا ہے۔
پنجاب اور خیبر پختون خوا میں مقامی حکومتوں یا بلدیاتی الیکشن کا معرکہ بھی برپا ہوا چاہتاہے۔ بلدیاتی الیکشن میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے الیکشن کے مقابلے میں زیادہ گہماگہمی ہوتی ہے۔ہزاروں نہیں لاکھوں امیدوار میدان میںا ترتے ہیں۔سیاست حقیقت میں گھرگھر کا موضوع بحث بن جاتی ہے۔ برادریاں سیاسی جماعتوں سے زیادہ موثر کردار ادا کرتی ہیں ان الیکشن میں۔ پنجاب کے بعض علاقوں میں سیاسی شخصیات کا اثر ورسوخ،خاندانوں اور برادریوں کے اندر پایا جانے والے غلبہ کا رجحان دیگر تمام عوامل کو مات دے دیتا ہے۔
حکومت بلدیاتی اداروں کو زیادہ بااختیار بنانے اور انہیں مالی وسائل بھی فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ اس حوالے سے قانون سازی بھی جاری ہے۔ پاکستان کی سیاست کا اصل مرکزاور میدان پنجاب ہی ہوتاہے۔ بلدیاتی الیکشن کا عمل شروع ہوگا تو کوئی بھی جماعت اس سے باہر ہونے کا تصور بھی نہیں کرسکے گی۔ مقامی سیاستدان اور سیاسی کارکن اپنے علاقے کی گدی کسی دوسرے کے حوالے کرنے کاسوچ بھی نہیں سکتے۔چنانچہ امکان ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں سیاسی جماعتوں کے درمیان بھرپور معرکہ آرائی ہوگی۔
اگلے چھ ماہ تک پی ڈی ایم کے جلسے جلسوں کے لیے مقامی سطح کے لیڈر اور ان کے کارکن دستیاب نہ ہوں گے۔ بلدیاتی الیکشن اس مرتبہ ملکی سیاست اور الیکشن کے نظام کی جہت ہی بدل دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان ایک عرصے سے قوم کو یہ باور کرا رہے ہیں کہ ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کا کام مقامی سطح کے ترقیاتی مسائل کا حل یا نوکریوں کے لیے سفارشیں کرنا نہیں بلکہ قانون سازی ہے۔ اسی وجہ سے پی ٹی آئی کی حکومتوں نے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز بھی روکے ۔
بلدیاتی الیکشن کا سلسلہ چلنے سے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی تک بھی مقامی سطح کی سیاست کو ترجیح دینا شروع ہوجاتے ہیں۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی کارروائیوں کے ریکارڈ کی پڑتال کی جائے تو واضح نظر آتا ہے کہ اسی فی صد ارکان کسی بحث میں حصہ لیتے ہیں اور نہ پارلیمانی کمیٹیوں کی کارروائی سے انہیں کوئی دلچسپی ہے اور نہ مہارت۔ بغلوں میں فائلیں دبائے وہ اسلام آباد وارد ہوتے ہیں۔ وزرائے کرام کی مدد سے اپنے منظور نظر افراد کے جائز اور ناجائز مسائل حل کرتے ہیں تاکہ اگلے الیکشن میں ان کاووٹ بینک پکا رہے۔
پی ڈی ایم کو بلدیاتی الیکشن سے سنبھلنے کا موقع نہیں ملے گا کہ آزادکشمیر کے الیکشن اسے اپنی طرف کھینچ لے گا جہاں جون یا جولائی میں اسمبلی کے الیکشن ہونے ہیں۔ اگرچہ وہاں اس وقت نون لیگ کی حکومت ہے۔ اسمبلی میں اسے دو تہائی ارکان کی اکثریت حاصل ہے لیکن پی ٹی آئی کی صفوں میں تیزی سے ایلیکٹ ایبلز داخل ہورہے ہیں۔عوام کا رجحان بھی عمران خان کی طرف ہے۔ خود نون لیگ نے جو بیانیہ قومی سطح پر متعارف کرایا ہے اس کی آزادکشمیر میں کوئی قابل ذکر پذیرائی نہیں۔
لائن آف کنٹرول پر ہونے والی مسلسل فائرنگ اور کشمیر کے حالات میں یہاں کے لوگ اداروں یا وفاقی حکومت کے مغائر کسی بیانیہ کو قبول نہیں کرتے بلکہ اپنے آپ کو عمومی طور پر اسلام آباد میں قائم حکومت سے ہم آہنگ رکھتے ہیں تاکہ سیاسی استحکام بھی رہے اور وفاقی موصولات میں سے حصہ بقدر جثہ بھی دستیاب رہے۔ مولانا فضل الرحمان نے بھی اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں پلٹا کھایا اور کہا کہ ان کی لڑائی اداروں کے ساتھ نہیں پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔حالانکہ گزشتہ ڈیڑھ برس میں ان کا موقف اس کے برعکس تھا وہ کہتے تھے کہ ان کی لڑائی حکومت کی پشت پناہی کرنے والوں ہے۔دیر آید درست آید۔
مولانا نے یہ بھی فرمایا کہ سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لیتے تو ’’نااہل لوگوں ‘‘ سے سینیٹ بھر جاتا۔ مولانا بھی کمال کے سیاستدان ہیں۔ ان کی شعلہ بیانی نے سیاسی الاؤ خوب دھکایا۔ درجہ حرارت اس قدر بڑھایا کہ ان کے اتحادیوں کو اپنا سفینہ ڈوبتا محسوس ہوتا تو انہوں نے مولانا کی مشکیں کسیں۔ وہ لانگ مارچ کے قصہ اور وزیراعظم کا استعفے بھول گئے اور اپنے ہی دوستوں سے گلے شکوہ کرنے لگے۔ پاکستان میں تبدیلی کا اب ایک راستہ بچا ہے اور وہ ہے الیکشن 2023۔ سیاسی جماعتوں کو اس کی تیاری کرنا چاہیے۔
الیکشن کو شفاف اور قابل قبول بنانے کے لیے الیکشن کے قوانین میں ضروری ترامیم کرانے کی مشترکہ کوششیں کرنی چاہیے۔ حکومت کے خلاف آگ بھڑکانے اور عوامی جذبات کو آواز دینے سے کچھ حاصل نہ ہوگا۔ لوگ ان کے دور اقتدار کو بھی اچھی طرح بھگت چکے ہیں۔ دودھ اور شہد کی جو نہریں پی پی پی اور نون لیگ کے دور میں بہتی تھیں وہ خوب یاد ہیں۔ نون لیگ اور پی پی کے دور حکومت پر اردو کا یہ محاورہ صادق آتاہے۔ اندھا بانٹے ریوڑیاں‘ مڑمڑ اپنوں میں۔
تلخ حقیقت یہ ہے کہ رائے عامہ کو پی ڈی ایم کے بیانیہ پر اعتماد نہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ یہ جنگ جمہوریت ، شہری آزادیوں اور عوام کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی نہیں بلکہ اپنی کھال بچانے کی ہے۔
Trending
- جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ ویسٹ بورن روڈ لوٹن میں دعائیہ محفل کا اہتمام
- سیکڑوں سابق افغان فوجیوں کو برطانیہ میں رہنے کی اجازت دینے کا فیصلہ
- ایرانی فورسز کی فائرنگ سے 260 افغان تارکین ہلاک
- 26ویں آئینی ترمیم، جے یو آئی، ن لیگ اور پی پی عدالتی اصلاحات پر متفق
- ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے؛ نیتن یاہو اور جوبائیڈن کی ٹیلیفونک گفتگو
- غزہ میں ایک ایک سال کے بچے ہمارے سامنے شہید ہوئے، برطانوی ڈاکٹر
- پاکستان کی علاقائی سالمیت و خودمختاری کی حمایت جاری رکھیں گے، چینی وزیراعظم
- چینی وزیراعظم کی عسکری قیادت سے اہم ملاقات، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مکمل حمایت کی یقین دہانی
- کینیڈا نے مجرمانہ سرگرمیوں پر بھارتی ہائی کمشنر سمیت 6 سفارتی اہلکاروں کو ڈی پورٹ کردیا
- پاک آرمی نے برطانیہ میں منعقدہ پیٹرول مشق میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا