کشمیر جیسا خطہ دنیا میں کہاں؟

0 169

قدرتی خوبصورتی سے مالامال کشمیر جیسا خطہ دنیا میں کہیں بھی نہیں، دنیا میں اگر کوئی جنت نظیر ہے تو وہ خطہ کشمیر ہے۔فطری رعنائیوں ، گھنے جنگلوں، برف پوش پہاڑوں ، بہتے جھرنوں ، سُر بکھیرتی آبشاروں اور پُرکیف نظاروں کی وجہ سے پوری دنیا میں کشمیر لاثانی ہے۔

کشمیر کی خوبصورت وادیاں اس بات کا کھلا ثبوت ہیں۔کشمیر میں ہر طرح کا موسم پایا جاتا ہے ۔ ہر طرح کا پھل بھی باآسانی مل جاتا ہے ، بہت سی اقسام کی سبزیاں اگتی ہیں ۔

کشمیر ایک ایسی ریاست ہے جہاں بہت سی زبانیں بولی جاتی ہیں اور ہر زبان بولنے والے کا اپنا لہجہ ہوتا ہے۔ کہیں گوجری، کہیں پہاڑی ، ڈوگری تو کہیں ہندکو بولی جاتی ہے۔ ہر علاقے کے مکینوں کا رہن سہن اور رسم و رواج میں کافی فرق پایا جاتا ہے جو کشمیر کے حسن میں مزید اضافہ کرتا ہے ۔

سیروتفریح کے لیے آزاد کشمیر میں بہت سے دلفریب ، دلکش اور یادگار سیاحتی مقامات ہیں جن میں چند مشہور جگہیں ، 9 ہزار فُٹ کی بلند چوٹی تولی پیر، بَن جوسہ ، دیوی گلی ، شہید گلہ ، گنگا چوٹی، سدھن گلی ، ناگا پیر ، رتی گلی ، چٹا کھٹا ، شونٹھر جھیل ، منتہ چوٹی ۔

کشمیر میں بہت سے تاریخی قلعے بھی ہیں جن میں چند مشہور قلعے منگلہ قلعہ ، رامکوٹ ، قلعہ پلیٹ ، قلعہ اسود ، قلعہ باغسر ، قلعہ تھرو چی ،قلعہ بارل وغیرہ ۔ اب ہم بحیثیت کشمیری اپنا محاسبہ کریں تو یہ بات ہمیں تسلیم کرنا پڑے گی کہ ہم نے کشمیر کی ثقافت اور سیاحت کو دنیا میں روشناس کروانے میں وہ کردار ادا کیا ہی نہیں جو اس ماں دھرتی کا حق ہے اور جو بین الاقوامی سیاحوں کو اس کی طرف مائل کرے۔

آج بھی دنیا کے بہت سے ممالک کا ذریعہ معاش سیاست ہے جبکہ حقیقت میں ان کے پاس اتنے خوبصورت خاص کر قدرتی حسن سے مالامال ایسے مقامات نہیں جو خطہ کشمیر کے پاس ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس خطہ جنت نظیر کے قدرتی حُسن پر توجہ دیں اور سیاحوں کو تحفظ کا یقین دلائیں ۔

اس کالم کے توسل سے الیکٹرونک ، پرنٹ اور سوشل میڈیا والوں سے بھی التماس ہے خطہ نظیر کشمیر کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے میں اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کریں ۔

حکومت پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ سیروتفریح کے پارکس، سستی رہائش گائیں بنائے تاکہ سیاحت کے شوقین افراد کشمیر کی قدرت خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.