ماؤں نے بیٹے اس لیے نہیں جنے کے کسی کی سیاست کا ایندھن بنیں، باپوں نے پردیس کاٹ کر بیٹے اس لیے نہیں پالے کہ اُن کے جوان خون کی ندی بہا کر اہلِ سیاست اپنے راہِ اقتدار کی رکاوٹوں کو دور کریں، بزرگوں نے زندگیاں لٹا کر اولادیں اس لیے نہیں پالیں کہ کوئی اُن کے جنازے کو سواری بنا کر اسمبلیوں تک رسائی حاصل کرے، میرے جوانوں کا خون ارزاں نہیں. میرے بھائیوں کی زندگیاں سستی نہیں، میرے جوان اپنی ماؤں کا عزیز ترین سرمایہ ہیں، بہنوں کی امیدوں کا محور ہیں، میری وادی اور ریاست کے روشن مستقبل کی آس ہیں.
حلقہ کھوئی رٹہ کی تاریخ کے تاریک ابواب ہمیں خبردار کرتے ہیں کہ اہلِ سیاست میں کئی ایسے کردار آج بھی موجود ہیں جن کو جوانوں کے خون کی لت لگ چکی ہے, جو لاشوں کی سیاست کو مقاصد کے حصول کا سب سے آسان طریقہ سمجھتے ہیں, ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ گھر کسی کا اجڑے، بیٹا کسی کا مرے، لاش کسی بوڑھے باپ کے کندھوں کا بوجھ بنے اور اقتدار کے ایوانوں کے مزے وہ لوٹ سکیں.
میرے جوانو…..! اہلِ سیاست کی سیاست تو چمکی مگر ماں کے شمیم اور کریم دنیا میں نہ رہے, کسی کا جہانِ سیاست روشن ہوا مگر روشن آنکھوں میں زندگی جینے کی خواہش رکھنے والے خوبصورت نوجوانوں شمیم اور کریم کا جہان تاریک ہو گیا, والدین کا سرمایہ حیات لُٹ گیا اور وقت نے دیکھا کہ اُن شہیدوں کے خاندانوں کے ساتھ بھی کسی نے وفا نہ کی، لاری اڈا کھوئی رٹہ میں بیچ بازار سیاسی جلوس میں ایک دلیر اور قابل جوان "رمضان” کی لاش گری، خاندان بے آسرا ہو گیا، اہلِ سیاست کی سیاست کا ستارہ اُس لاش کی بدولت چمک گیا، مگر اُس رمضان کو انصاف دلانے کی حد تک بھی اِس خود غرض سیاست نے وفا نہ کی، ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی ہونا طے ہے.
میرے حلقے کے پڑھے لکھے نوجوانو ہر سیاسی جماعت میں کئی کئی امیدوار ہوتے ہیں,مگر جمہوریت میں سب کا احترام ہوتا ہے، سب کے لیے برداشت ہوتی ہے، اعلیٰ ظرفی، وسیع النظری اور وسیع القلبی ہوتی ہے، اگر تمہارا اپنا پسندیدہ لیڈر بھی کہے کہ میرے سیاسی ہم جماعت دوسرے امیدوار کو نشست مت دینا، اُسے عزت مت دینا، اُسے سٹیج پر جگہ مت دینا تو آپ کو سمجھنا چاہیے کہ وہ آپ کا پسندیدہ شخص نفرت، عدم برداشت، انتشار اور تشدد کو ہوا دے کر خون خرابے کے لیے کوشاں ہے، اُسے سیاست میں کامیابی کے لیے خون خرابے کے ذریعے آپ کی یا آپ جیسے کسی اور کارکن کی لاش کا تحفہ درکار ہے.
میری ریاست کے والدین….! اپنے بچوں کو کسی سیاست کے تندور میں مت جھانکیے، اپنے جگرگوشوں کی درست رہنمائی کیجیے ۔۔
میرے باشعور جوانو…! اپنے عزم بلند رکھیے، اپنی اہمیت کا احساس کیجیے، عدم تشدد کے رویوں کی ترویج کیجیے، نفرت پھیلانے والے کرداروں سے فاصلہ پیدا کیجیے، اللہ کریم کی ذات ہماری حامی و ناصر ہو آمین